جموں،30جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ویشنودیوی مندر کی جانب جانے والے راستے میں بارش کی وجہ سے ہوئے بھاری لینڈسلائڈنگ سے آج ایک خاتون کی موت ہو گئی اور آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔جموں کشمیر کے ریاسی ضلع میں ترکوٹ پہاڑیوں میں ویشنودیوی مندر کی جانب جانے والے راستے میں بارش کی وجہ سے بھاری لینڈسلائڈنگ ہوئی۔ مندر بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اجیت ساہو نے بتایا کہ مندر کی طرف جانے والے ہمکوٹ راستے پر دیوی گیٹ کے قریب پیدل راستے پر دوپہر قریب 12بج کر 15منٹ پر بھاری لینڈسلائڈنگ ہوئی۔افسر نے بتایا کہ مہلوک خاتون کی شناخت ہریانہ کے ریواڑی ضلع کی رہائشی سمن 32کے طور پر ہوئی ہے۔
ساہو نے بتایا کہ حادثے میں تین بچوں سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے،تمام زخمیوں کا علاج چل رہا ہے۔سی ای او نے کہا کہ ملبہ ہٹائے جانے اور آگے بھاری لینڈسلائڈنگ کا اندازہ کرنے تک زائرین کے لئے ہمکوٹ راستے کو بند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہلوک خاتون کی لاش کو بھیجنے کے لئے شرائن بورڈ کی جانب سے قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔تین لاکھ روپے کا انشورنس متوفی کے لواحقین کو دیا جا رہا ہے۔